صوبائی محتسب سروس رولز (قواعد و ضوابط) 2023 کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی کا اجلاس نگران صوبائی وزیر برائے قانون و انسانی حقوق جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت محکمہ قانون کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگران صوبائی وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اختر سعید ترک، سیکریٹری لاء،نمائندہ فنانس اور صوبائی محتسب کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکاء کو صوبائی محتسب سروس رولز (قواعد و ضوابط) 2023 پر بریف کرتے ہوئے سروس رولز کے خذوحال اور ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رولز کا مقصد نئی آسامیاں پیدا نہیں کرنا بلکہ موجودہ ملازمین کیلئے قواعد و ضوابط بنانا ہیں۔رولز میں سزا و جزا و اے۔سی۔آر کے حوالے سے جامع قواعد بنانا ہیں۔صوبائی وزیر قانون و انسانی حقوق جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے رولز کی تاخیر سے بنانے پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی محتسب کے قیام کے ساتھ ہی سروس رولز بنانے چاہیے تھے۔ سروس رولز کے نفاذ سے ملازمین کی کارکردگی میں مزید نکھار آئے گا۔ انہوں نے سروس رولز بنانے کے حوالے سے سیکرٹری قانون کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی محتسب عوام کو مفت انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ صوبائی محتسب کے نمائندے نے کمیٹی کی کارکردگی کو سراہا اور صوبائی محتسب کے سروس رولز میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔