نگراں وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے توانائی و برقیات، معدنیات و معدنی ترقی اور منصوبہ سازی و ترقی ڈاکٹر سید سرفرازعلی شاہ نے کہا ہے کہ ہمارا صوبہ سستی بجلی کی پیداوار کے لئے دیگر قدرتی ذخائر سمیت آبی وسائل سے بھی مالامال ہے۔ پن بجلی منصوبوں کی بدولت خیبرپختونخوا سے توانائی کے مسائل کا خاتمہ یقینی ہے جبکہ اس سے پائیدار معاشی ترقی اور بیشتر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پیہور ہائیڈرو پاور کمپلیکس صوابی اور مچئی ہائیڈرو پاور اسٹیشن مردان کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دونوں مقامات کے دوروں کے موقع پر متعلقہ حکام نے وہاں بجلی کے پیداواری حجم، مختلف حصوں، عملے اور درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ تجاویز و آراء کے بارے میں نگراں مشیر توانائی کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پیہور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ صوابی اور مچئی ہائیڈرو پاور اسٹیشن مردان سے بالترتیب 18 اور 2.6 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہیں۔ نگراں صوبائی مشیر کو پن بجلی پیداوار سے متعلق مکمل، جاری اور مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹر سید سرفرازعلی شاہ نے پیہور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ صوابی اور مچئی ہائیڈرو پاور اسٹیشن مردان کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔