نگران وزیر اطلاعات،ثقافت و سیاحت خیبر پختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے جرنلسٹ ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ رولز میں ترامیم ضروری ہیں، اس مقصد کے لئے صحافیوں کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترامیم تجویز کی جائیں تاکہ صوبائی کابینہ سے اس کی منظوری لی جاسکے، فنڈ رولز میں مالی معاونت کے بعض پہلوؤں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیروزگاری اور پینشن الاؤنس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ بیروزگار اور مالی مشکلات سے دوچار سینئر صحافیوں کی بہتر طریقے سے مدد ہو سکے، انہوں نے کہا کہ فنڈ سے متعلق اجلاس باقاعدگی کے ساتھ منعقد کئے جائیں تاکہ مالی معاونت کی درخواستیں تاخیر کا شکار نہ ہوں، یہ احکامات انہوں نے پشاور میں جرنلسٹ انڈوومنٹ فنڈ کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دئے، اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت خیبرپختونخوا سید جبار شاہ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ محمد عمران خان، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز لیاقت آمین، پریس رجسٹرار انصاراللہ خلجی کے علاوہ کمیٹی ممبران بجٹ آفیسر محکمہ فنانس محمد ایوب، صدر پریس کلب پشاور ارشد عزیز ملک، صدر مردان پریس کلب بخت محمد اور سینئر صحافی ایم ریاض و دیگر نے شرکت کی. اجلاس کو مختلف صحافیوں کی جانب سے مالی معاونت کے لئے بھیجی گئی درخواستیں پیش کی گئیں جس کی جانچ پڑتال کے بعد مکمل درخواستوں پر مالی معاونت کی منظوری دی گئی جبکہ بعض درخواستیں دستاویزات نا مکمل ہونے پر آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا. اجلاس سے خطاب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافی مشکل حالات میں فرائض انجام دیتے ہیں، خیبرپختونخوا نگران حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی. انہوں نے کہا کہ حکومتی معاملات میں شفافیت لانے اور حکومتی اقدامات عوام تک پہنچانے میں صحافیوں کا کلیدی کردار ہے. صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے قائم جرنلسٹ ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ کا بہتر طریقے سے استعمال یقینی بنانے کے لئے ترامیم لائی جائیں گی تاکہ مشکل وقت میں صحافیوں کو بہتر اور بروقت مدد مل سکے. انہوں نے احکامات دئے کہ مالی معاونت کے لئے درخواست دینے اور دیگر مراحل کو صحافیوں کے لئے آسان بنایا جائے.