وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کا ایڈورڈ کالج پشاور، منگا درگئی چارسدہ کا دورہ

ایڈورڈ کالج پشاور کے طالب علم حسن طارق کے قتل کے تناظر میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے نگران وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے ایڈورڈ کالج پشاور اور غمزدہ خاندان سے تعزیت اور دعا کے لئے منگا درگئی چارسدہ کا دورہ کیا. اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن پشاور کاشف آفتاب عباسی اور ضلعی انتظامیہ پشاور اور چارسدہ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے. منگا درگئی چارسدہ کے دورے کے موقع پر انہوں نے مرحوم حسن طارق کے والد مفتی طارق خان سے ملاقات کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے تعزیت اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی. بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ اس انتہائی افسوسناک واقعہ پر خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے. انہوں نے کہا کہ مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، کیس میں جلد پیشرفت کے لئے سپیشل ٹیمیں مسلسل مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے اور پولیس نے تحقیقات میں بھی بڑی پیش رفت حاصل کرلی ہے، ایس ایس پی آپریشن کاشف علی عباسی اور ٹیم نے دن رات ایک کر کے تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا، واقعہ کے فوراً بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا، رات بھر چھاپے لگائے گئے اور جیو فینسنگ کی گئی. دوسری جانب ایڈورڈ کالج کے دورے کے موقع پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے کالج پرنسپل شجاعت علی خان اور دیگر فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی، اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن نے انہیں کیس میں پیشرفت پر آگاہ کیا. دورے کے دوران ایڈورڈ کالج کے طلباء نے بھی نگران صوبائی وزیر اطلاعات سے ملاقات کی، بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے طلباء سے گفتگو میں کہا کہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے اس پر پولیس مکمل متحرک ہے اور پوری ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہے اور بہت جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے. طلباء سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری سے نہ تو نگران حکومت غافل ہے اور نہ ہی ادارے. انہوں نے طلباء سے تاکید کی ایسے واقعات کے بعد ملک دشمن عناصر صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لآ اینڈ آرڈر کے مسائل کھڑی کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اس وجہ سے طلباء کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ حکومت اور اداروں پر اعتمادبحال رکھیں اور تحمل کا مظاہرہ کریں، انہوں نے کہا کہ طلباء اطمینان رکھیں، حکومتی ادارے، پیشرفت پر خاندان اور ادارے کو اپڈیٹ رکھیں گے. نگران وزیر نے ایڈورڈ کالج کے طلباء کو بہترین ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر داد بھی دی. دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا نگران حکومت لا ء اینڈ آرڈر کو اولین ترجیح سمجھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ایلیٹ فورس ہو یا سی ٹی ڈی استعداد بڑھانے کے لئے اقدامات اگے بڑھائے گئے ہیں اور سائنسی بنیادوں پر تحقیق کو مزید بہتر کرنے کے لئے فارنزک سائنس لیب پر بھی کام جاری ہے.

مزید پڑھیں