خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے امور نوجوانان،کھیل،سائنس وٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری طبقات کو آسان و رعایتی شرائط پر قرضے فراہم کرے گی۔بنک آف خیبر کی توسط سے فراہم کیئے جانے والے اس رعایتی قرضہ کی سکیم پر انتہائی کم مارک آپ وصول کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ حکومت بنک آف خیبر کے ذریعے اس رعایتی سکیم کے تحت سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے پہلے سے جاری رعایتی سکیم پر مزید سبسڈی فراہم کرے گی جس کے ذریعے صارفین پر مارک اپ کا انتہائی کم بوجھ آئے گا۔انھوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت صوبے کے بے روزگار نوجوان قرضہ کے حصول کے ذریعے باعزت روزگار شروع کرنے کے قابل ہوں گے اور کاروباری حضرات کو موجودہ معاشی حالات میں معاونت بھی حاصل ہو سکے گی۔اور اس سکیم سے مرد اورخواتین دونوں استفادہ کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں بنک آف خیبر کے نمائندے شیر محمد،ڈی جی سائنس وٹیکنالوجی سجاد حسین شاہ،سی پی او باسط خلیل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بنک آف خیبر کے نمائندے نے نوجوانوں اورکاروباری حضرات کو قرضہ کے حصول بارے فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور بتایا کہ مذکورہ سکیم کے تحت صوبے کے نوجوانوں اور کاروباری طبقوں کو نرم شرائط پر قرضے دئے جائیں گے اور اس سکیم سے نوجوانوں کو کافی فوائد حاصل ہوں گے۔اس موقع پر نگران وزیر کا کہنا تھا کہ بنک آف خیبر کی توسط سے نوجوانوں اور کاروباری طبقوں کی مالی معاونت کی مذکورہ سکیم صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے میں کافی مددگار ثابت ہوگی اور اس کے ذریعے موجودہ معاشی حالات میں سہولت حاصل کرنے والے طبقوں کو بڑی مدد ملے گی۔