نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی ہدایات کے تحت صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے ٹرانسپورٹ کرایوں اور سبزی و فروٹ منڈی میں اشیاء کی سرکاری نرخوں پر دستیابی کا جائزہ لینے کے لئے ضلع نوشہرہ کا دورہ کیا. نگران صوبائی وزیر نے ٹرانسپورٹ اڈوں کے دورے کے موقع پر مسافروں سے سرکاری کرایہ نامے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے سرکاری کرایہ نامے سے زائد کرایے وصولی پر ٹرانسپورٹرز سے اضافی رقم لے کر مسافروں کو واپس کیں. اس موقع پر انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ حکام کو سرکاری کرایہ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اڈوں اور روڈ سائٹ چیکنگ سخت کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پرانتظامی آفیسرز کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسافروں سے زائد کرایے وصول کرنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے، انہوں نے صوبائی اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو کرایوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی. نگران وزیر نے انتظامی افسران کوعوامی آگاہی کے لئے کرایہ ناموں کے فلیکس تیار کرکے ٹرانسپورٹ اڈوں پر نمایاں جگہ پر نصب کرنے کی بھی ہدایات دیں. دریں اثناء نگران وزیر نے فروٹ اور سبزی منڈی کا بھی دورہ کیا اور سرکاری نرخوں پر اشیاء کی دستیابی کا جائزہ لیا. خریدو فروخت کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے تاجروں اور عوام سے نئے نرخ ناموں اور کم قیمتوں پر اشیاء کی دستیابی بارے میں دریافت کیا. اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں نگران وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے کرایوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آئی ہے اور نگران صوبائی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہے. انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے تحت عوامی فلاح کے اقدامات اور کرپشن کا خاتمہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نوشہرہ خالد خٹک، اسسٹنٹ کمشنر توصیف الرحمن و دیگر انتظامی, ٹرانسپورٹ و ٹریفک پولیس حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔