نگران صوبائی وزیر تعلیم کی سربراہی میں نان فارمل ایجوکیشن پالیسی سے متعلق اعلی سطح اجلاس منعقد

نگران صوبائی وزیر تعلیم کی سربراہی میں نان فارمل ایجوکیشن پالیسی سے متعلق اعلی سطح اجلاس منعقد کیا گیا،تفصیلات کے مطابق غیر رسمی تعلیم تک رسائی اور سرٹیفیکیشن کے طریقہ کار کے حوالے سے محکمہ تعلیم میں اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم سید معتصم باللہ شاہ، اسپیشل سیکرٹری شریف حسین، ایجوکیشن ایڈوائزر خالد محمود، کمیونیکیشن سپیشلسٹ شیخ فخر عالم، ڈائریکٹر اے ایل پی رفیق خٹک، ڈائریکٹر گوھر علی، جائکا اور یونیسیف کے اعلی عہدے داروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں نگران صوبائی وزیر تعلیم کو صوبہ خیبر پختونخوا میں جاری نان فارمل ایجوکیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ ڈاکٹر محمد قاسم جان نگران صوبائی وزیر برائے ابتدائی اور ثانوی تعلیم کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر کے آؤٹ آف سکول بچوں کو واپس تعلیمی نظام میں لانے کے لیے بھرپور محنت اور کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ محکمہ تعلیم کے ترقیاتی شراکت داروں کے انتہائی مشکور ہیں جو محکمہ تعلیم کے ساتھ مل کر صوبہ بھر کے تعلیمی نظام میں بہتری لانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ سیکرٹری تعلیم کا کہنا تھا کہ ہم وفاق اور دوسرے صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی نان فارمل ایجوکیشن کا موثر نظام لائیں گے جس کے لیے اعلی سطح وفد تشکیل دے دیا گیا ہے جو اگلے چند دنوں میں دوسرے صوبوں کے ساتھ اپنے تعلیمی نظام کا تقابلی جائزہ لے کرسفارشات مرتب کرے گا جو منظوری کے لیے نگران صوبائی وزیر تعلیم اور پھر صوبائی کابینہ کو پیش کی جائیں گی۔
۔۔۔۔۔

مزید پڑھیں