خیبر پختونخوا کی نگراں وزیر برائے سوشل ویلفیئر، ریلیف اور جیل خانہ جات جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر نے منگل کے روز ضلع چارسدہ میں محکمہ سوشل ویلفیئر، سب جیل اور ریسکیو 1122 کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے مذکورہ اداروں کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اورعملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر کے اچانک دورے کااہم مقصد دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کی حاضری، کام کی نوعیت اور درپیش مسائل سے متعلق آگہی حاصل کرنا تھا نگران صوبائی وزیر نے اس موقع پر محکمہ سوشل ویلفیئر، جیل اور ریسکیو 1122 کے تمام ملازمین کو صفائی کے بہترین معیارکو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نگراں حکومت عوام کو بہترین سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیئے کو شاں ہے۔ چارسدہ سب جیل کے دورہ کے موقع صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ چارسدہ سب جیل میں 220 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت جیل میں 423 قیدی ہیں جس پر صوبائی وزیر نے قیدیوں کی کم کنجائش کے مسئلے کو حل کرنے کی بھر پور یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر نے خصوصی بچوں کی بہتری کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر کے اقدام کو بھی سراہا تے ہوئے صوبے کے دیگر سوشل ویلفیئر افسران کو سولرائزیشن سمیت اس طرح کے دیگر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی تاکہ انہیں مالی طور پر فائدہ ہو۔