خیبر پختونخوا کے فضل حق کالج مردان میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری۔

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے ابتدائی وثانوی اور اعلیٰ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم جان نے کہا ہے کہ ہمارے تعلیمی اداروں نے حالیہ بورڈ نتائج میں نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ماڈل سکولز اور کالجز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے ملازمین کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ ان اداروں کی مزید بہتری کے لیے ہم اقدامات بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضل حق کالج مردان کی مالی پوزیشن انتہائی مستحکم ہے اجلاس میں مستقل ملازمین کو ایڈہاک ریلیف الاونس کی منظوری کے ساتھ ساتھ کنٹریکٹ تدریسی ملازمین کی تنخواہیں 40 ہزار روپے مقرر کرنے اور غیر تدریسی کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہیں 28 ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ یہ منظوری انہوں نے فضل حق کالج مردان کے بورڈ آف گورنرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی معتصم باللہ شاہ اور بورڈ کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ نگران وزیر پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم جان نے کہا کہ ترقی کے لیے سینیارٹی کے ساتھ ساتھ کارکردگی اور تربیت بھی مشروط ہوگی تاکہ قابل اور محنتی ملازمین کو آگے آنے کے مواقع ملیں انہوں نے کہا کہ فضل کالج مردان ہر لحاظ سے مضبوط اور مستحکم ادارہ ہے جہاں کے طلباء و طالبات اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پڑھ رہے ہیں اور فارغ التحصیل طلباء وطالبات نمایاں پوزیشنز پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالج کی مزید بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران کالج عملے کو چھٹیوں کے دوران کنوینس الاوننس جاری نہ کرنے کا فیصلہ ہوا۔ اسی طرح مختلف ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سروس رولز میں تبدیلی کی سفارشات بھی کی گئیں، اجلاس میں عمر میں رعایت کے حوالے سے پیش کیے گئے ایجنڈا پوائنٹ پر فیصلہ ہوا کہ رولز میں ترمیم کر کے بورڈ کو با اختیار بنایا جائے گا تاکہ امیدواروں کو عمر میں رعایت دی جا سکیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بورڈ کے پرائیویٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے ممبران کو سفری اخراجات دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، وزیر تعلیم نے ضرورت کے تحت بورڈ اجلاس جلدی بلا نے اور تمام ممبران کو منٹس بھی بروقت بھجوانے کی ہدایات جاری کیں۔

مزید پڑھیں