خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ صحت مند زندگی گزارنے کے لئے صحت مندانہ سرگرمیوں کا ہونا ضروری ہے، سپورٹس ایونٹس اس ضمن میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، کرنل شیر خان شہید سٹیڈیم میں پشاور کے صحافیوں کے لئے سپورٹس ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ہے، محکمہ اطلاعات و تعلقات کے آفیسرز بھی اس ایونٹ میں شرکت کررہے ہیں، ایسے ایونٹس سے صحافیوں کو ایک نئی توانائی فراہم ہوتی ہے جس سے وہ پیشہ ورانہ فرائض ایک نئے ولولے کے ساتھ انجام دینے کے لئے تیار ہوتے ہیں، پشاور پریس کلب اور جملہ ممبران و صحافیوں کو ایسی صحت مندانہ سرگرمیوں کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے اس میں مزید وسعت لائی جائے گی اور کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کرکٹ لیگ ایونٹ میں پشاور میں پریس کلب اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و تعلقات حکومت خیبرپختونخوا سید جبار شاہ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا محمد عمران خان، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز لیاقت آمین، صدر پریس کلب پشاور ارشد عزیز ملک، سینئر صحافیوں ایم ریاض، شمیم شاہد، شہاب الدین، انیلا شاہین سمیت دیگر صحافی اور نظامت اطلاعات و تعلقات عامہ کے آفیسرز موجود تھے. صحافیوں اور آفیسرز سے گفتگو میں نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافی مشکل صورتحال میں رپورٹنگ کے فرائض انجام دیتے ہیں اور انہیں سخت ڈیڈ لائن کے تحت کام کرنا پڑتا ہے ایسے میں کھیلوں کی سرگرمیاں ذہنی دباؤ کم کرنے اور فشار سے بچانے میں بہت سود مند ثابت ہوتے ہیں. اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صدر پریس کلب پشاور ارشد عزیز ملک نے نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کا حوصلہ افزائی کرنے کے لئے گراونڈ انے پر شکریہ ادا کیا. نگران صوبائی وزیر نے اس سے پہلے گراونڈ میں کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملے، بیٹنگ کرتے ہوئے کرکٹ میچ کا آغاز کیا اور کچھ دیر گراونڈ میں موجود رہے اور میچ سے محظوظ ہوئے۔