ضلع مہمند میں نئے صنعتی یونٹس کا افتتاح، اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا عزم

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت وحرفت،فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ نے بدھ کے روز ضم ضلع مہمند کا ایک روزہ دورہ کرکے وہاں پر قائم ہونے والے دو صنعتی یونٹس کی فعالیت کا افتتاح اور ایک نئے یونٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے تحت ضلع مہمند میں قائم صنعتی زون میں نگران وزیر نے نئے گھی یونٹس کا باضابطہ افتتاح کیا جو ایک مہینے کے مختصر عرصے میں فعال کئے گئے ہیں جبکہ نئے قائم ہونے والے آٹا یونٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ان یونٹس کے قیام میں مجموعی طور پر 1.2 بلین روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جس سے مجموعی طور پر 1100 افراد کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے اور بالخصوص اس سے مقامی افراد کو اپنے ہی علاقے میں بہتر روزگار ملے گا۔نئے یونٹس کے افتتاح کے دوران نگران وزیر کے ہمراہ خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جاوید اقبال خٹک اور کمپنی کے زون منیجر سمیت،صنعت کار اور مقامی عمایدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نگران وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب یہ علاقے اپنے باسیوں کی شاندار روایات کیساتھ ساتھ اپنی محنت اور یہاں پر لگی صنعتوں کی وجہ سے پہچانے جائیں گے۔انھوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ علاقے میں ماربل صنعتوں سے نکلنے والے فضلے کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے اسے کارآمد بنایا جائے۔اس فضلے سے ٹائل بنانے کیلئے پلانٹ لگایا جائے یور یہ بال ملز میں بننے والی مصنوعات میں بھی کام آسکتا ہے۔ اس سلسلے میں کے پی ایزڈمک تکنیکی مدد فراہم کرے۔نگران وزیر نے اس موقع پر کمپنی حکام کو گھی یونٹس میں فوڈ پروسیسنگ کے دوران فوڈ سیفٹی ریگولیشن سے متعلق آگاہی کیلئے مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی جبکہ مذکورہ گھی صنعتوں پر زور دیا کہ وہ قانونی تقاضوں کے مطابق صفائی کے معیار میں بہتری لائیں۔نگران وزیر نے اس موقع پر بعض صنعتکاروں کی جانب سے زون میں نکاسی آب کے مسلے کا نوٹس لیتے ہوئے اگلے تعمیراتی ترقیاتی پیکج میں اس سکیم کو ڈالنے کی ہدایت کی۔انھوں نے اس موقع پر کمپنی حکام کو ادارہ جاتی سماجی ذمی داری”کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی” کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے صنعتکاروں کی باہمی تعاون سے ایک فنڈ قائم کرنے کی بھی ہدایت کی جو مقامی آبادی کی فلاح وبہبود کیلئے استعمال میں لایا جاسکے گا۔

مزید پڑھیں