خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت کا لوک میلہ کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور خطاب

نگران وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت خیبر پختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے لوک ورثہ اسلام آباد میں سالانہ لوک میلہ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا۔صوبائی وزیر نے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ اور فلسطین کے سفیر احمد جواد ربعیی کے ہمراہ صوبوں کی جانب سے لگائے گئے پولینز کا دورہ کیا۔خیبرپختونخوا پولین آمد پر خیبرپختونخوا وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت، پاکستان میں فلسطین کے سفیر اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔خیبرپختونخوا کلچر و ٹورز اتھارٹی کے حکام نے مہمانوں کا خیبرپختونخوا پولین کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا،مہمانوں نے سٹالز، فوڈ کارنر، فوک میوزک، فن و ادب، ثقافتی ملبوسات، کشیدہ کاری و زیورات میں گہری دلچسپی لی اور لوک موسیقی سے محظوظ ہوئے۔وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے فلسطین کارنر کا بھی دورہ کیا، فیملیز سے ملے اور اظہارِ یکجہتی کیا اور خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کا پیغام پہنچایا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹ ہمیں متحد کرنے کا کام کرتے ہیں اور ہماری ثقافت، اقدار اور ایک معاشرے کے طور پر ہماری سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹ اس بات کا عکاس ہیں کہ ہماری مقصدیت کیا ہے اور کس سمت میں ہم جا رہے ہیں اور کونسی وراثت ہم اگلی نسل تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی کاز، فلسطینی عوام ان کی ثقافت اور ورثہ اس وقت قدیم ترین ثقافت ہے، یہ وہ جگہ ہے جہاں انسانیت اور تہذیب کا امتزاج بنتا ہے، فلسطینی کاز کے لیے ہم بحیثیت حکومت، بحیثیت قوم کھڑے ہیں، خاص طور پر خیبرپختونخوا کا پیغام ہے کہ ہمارے خون کے آخری قطرے تک ہم آپ کے ساتھ ہیں، ہم فلسطینی کاز کے لیے کھڑے ہیں، ہم اس کے لیے کھڑے ہیں جس کے لیے آپ کھڑے ہیں، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب اس طرح کی ایک تقریب یروشلم اور غزہ کے قلب میں منعقد ہوگی۔

مزید پڑھیں