لندن میں ‘ورلڈ ٹریول مارٹ’ایونٹ میں خیبر پختونخوا کے وزیر سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے وفاقی وزیر سیاحت وصی شاہ کے ہمراہ پاکستان خصوصاً صوبہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے افتتاحی تقریب میں شرکت کی. اس تقریب میں دنیا بھر سے آئے ہوئے مختلف مندوبین، سرمایہ کاروں اور سیاحوں نے شرکت کی، جنہوں نے ایونٹ کے پہلے روز پاکستان پویلین کے مختلف حصوں خصوصاً خیبرپختونخوا سٹال میں زیادہ دلچسپی کا اظہار کیا. اس موقع پر سیاحوں اور سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے اداروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتوں میں خیبرپختونخوا کے نگران وزیر سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سیاحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات، غیر ملکی سیاحوں کے لیے خیبرپختونخوا میں پرکشش مقامات اور روایتی سیاحت سے ہٹ کر مذہبی سیاحتی مواقعوں پر روشنی ڈالی. گفتگو کے دوران صوبائی وزیر سیاحت نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو سیاحتی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم مقام سمجھیں، اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں جس کے لئے صوبائی حکومت ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہے. سیاحوں کو اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے دلکش مناظر جن میں سرسبز وادیاں اور شاندار پہاڑی چوٹیاں شامل ہیں، جہاں سیاح فطرت کے ساتھ ساتھ اہم مذہبی مقامات، خاص طور پر بدھ مت سے متعلق مقامات کی سیر پر امن ماحول میں کرسکتے ہیں. یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی عالمی سیاحوں کی توجہ خیبرپختونخوا کی جانب مبذول کرنے کے لیے ورلڈ ٹریول مارٹ 2023 میں حصہ لے رہی ہے۔ ‘پاکستان پویلین میں ‘ خیبرپختونخوا سٹال لگایا گیا ہے، جہاں ثقافتی اور روایتی اشیاء، دستکاری، ملبوسات، دستاویزی فلمیں، بروشرز، پمفلٹس، اور دیگر سیاحتی مواد رکھے گئے ہیں اور سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو بریفنگ دی جارہی ہے. یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ لندن میں ورلڈ ٹریول مارٹ دنیا کے سب سے بڑے ٹریول شوز میں سے ایک ہے، جو عالمی سفری خریداروں کو دنیا بھر میں 5,000 سے زیادہ مشہور مقامات اور برانڈز سے جوڑتا ہے۔ ایونٹ 8 نومبر 2023 تک جاری رہے گا۔