سیاحتی روابط بڑھانے کے لیے خیبرپختونخوا کے وزیر سیاحت، ثقافت و اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے ورلڈ ٹریول مارٹ ایونٹ کے موقع پر سری لنکا کے وزیر سیاحت ہارین فرنینڈو سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر سیاحت خیبرپختونخوا اور سری لنکن وزیر سیاحت نے خیبرپختونخوا اور سری لنکا کے درمیان مشترکہ ثقافتی اور تاریخی ورثے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سیاحت کے شعبے میں تعاون کی راہیں تلاش کرنے پر زور دیا۔بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے خیبرپختونخوا کے ثقافتی تنوع، تاریخی اہمیت اور قدرتی حسن پر روشنی ڈالی اور سری لنکا کو خیبرپختونخوا میں سیاحت کے شعبے میں موجود مواقعوں سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔ وزیر سیاحت خیبرپختونخوا نے پائیدار سیاحتی طریقوں کو فروغ دینے کے لئے خیبرپختونخوا حکومت کے وژن سے سری لنکن ہم منصب کو آگاہ کیا اور کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لئے سیاحتی شعبے میں بڑی گنجائش موجود ہے اور مل کر کام کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و سیاحتی تبادلوں کو بھی فروغ ملے گا۔ سری لنکن وزیر ہارین فرنینڈو نے سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے میں خیبر پختونخوا کی کوششوں کی تعریف کی اور دونوں خطوں میں سیاحت کے لیے جدید طریقوں اور تکنیکی مہارت کے اشتراک میں دلچسپی ظاہر کی۔ ملاقات سیاحت کے ماہرین کے تبادلے، مشترکہ مارکیٹنگ کی کوششوں اور خیبر پختونخوا اور سری لنکا کے درمیان بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔