نگران صوبائی وزیر صنعت و حرفت نے ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم صنعتی زون میں تین نئے یونٹس کا افتتاح

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت و حرفت، فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹرعامر عبد اللہ نے منگل کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم صنعتی زون میں تین نئے یونٹس کا افتتاح اور دو کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان نئے یونٹس میں فوڈ اور مشروبات کے کارخانوں سمیت ایل پی جی انرجی اور کیمیکلز کی صنعتیں شامل ہیں۔خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے تحت ان نئے یونٹس میں مجموعی طور پر تقریبا 660 ملین روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور ان سے تقریبا 15 سو افراد کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی نگران وزیر صنعت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلال رزق عین عبادت ہے اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اکنامک زون کے قیام سے نہ صرف یہاں پر کاروباری حضرات کو حلال رزق کمانے کے بہترین موقع میسر آسکیں گے بلکہ مقامی و دیگر افراد کیلئے ان صنعتوں میں باعزت روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے جو پورے خطے کیلئے ایک خوش آئند بات ہے۔انھوں نے کہا کہ مستقبل میں ڈیرہ اسماعیل خان میں سپیشل اکنامک زون کا قیام بھی عمل میں آ جائیگا جس سے یہاں پر مزید ترقی و خوشحالی کی راہیں کھلیں گی۔ انھوں نے کہا کہ چند سالوں میں نہ صرف اس زون کی کامیابی سامنے آئے گی بلکہ مزید ایسے زونز کے قیام کی ضرورت محسوس ہو گی تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب ملکر ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی اور مدد کریں۔ افتتاحی تقریب میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے پی ایزڈمک جاوید اقبال خٹک، ڈپٹی کمشنر منصور ارشد، زون منیجرڈیرہ اسماعیل خان اکنامک زون عمر علی ڈار سمیت دیگر انتظامی افسران،عوامی نمائندوں، انجمن تاجران کے عہدیداروں اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے پی ای زیڈ مک نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں اس زون کا قیام عمل میں لایا گیا جو کہ انتہائی اہم منصوبہ ہے اور ایک سال کے دوران اس میں تمام انفراسٹرکچر ترتیب دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فی الحال زون میں 12یونٹ فعال اور 14زیر تعمیر ہیں جبکہ پانچ یونٹس کا افتتاح کیا گیا ہے۔تقریب کے اختتام پر نگران وزیر نے سرمایہ کاروں میں شیلڈزبھی تقسیم کیں جبکہ بعد ازاں انہوں نے اکنامک زون کے احاطے میں پودے لگائے اور زون کی ترقی اور علاقے کی خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔

مزید پڑھیں