خیبر پختونخوا کے نگران وزیر بلدیات و آبنوشی انجینئر عامر درانی نے کہا ہے کہ آن لائن کھلی کچہری کا سلسلہ مسائل کے حل کے لئے تواتر کیساتھ جاری رکھیں گے، انہوں نے عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے اور ایک ہفتہ کے اندر کمپلائنس رپورٹ جمع کرنے کی ہدایات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی سیز سن کوٹہ کے تحت رولز کے مطابق حقدار کو میرٹ پر بھرتی کرنے میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں سروس ڈیلیوری نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے فنڈز کی کمی کے مسئلہ کو بہت جلد نگران وزیر خزانہ کیساتھ اٹھانے اور ایک اجلاس اگلے ہفتے منعقد کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بلدیات کے تحت آن لائن فیس بک کھلی کچہری لائیو پروگرام میں عوام کی شکایات سنتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری بلدیات داود خان،سپیشل سیکرٹری بلدیات محمد آصف،ڈی جی لوکل گورنمنٹ افتخار عالم،سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ میاں شفیق الرحمان،چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی پشاور سید ناصر حسین،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمینٹ اتھارٹی ریاض علی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔آن لائن کھلی کچہری میں صوبہ کے مختلف اضلاع سے عوام نے اپنی شکایات بذریعہ ٹیلیفون کال،سوشل میڈیا فیس بک کے ذریعے بھجوائے جن کے ازالے کے لئے نگران وزیر بلدیات اور سیکرٹری بلدیات نے موقع پر احکامات دئیے۔ضلع پشاور سید آباد گلبہار کالونی سے صفائی،ابرار حسین شاہ مانسہرہ سے ویلیج کونسل فنڈز،نعمان اللہ نوشہرہ سے پیدائش،ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بارے،شبیر احمد ہری پور سے سیوریج نظام میں اور صفائی،ویلیج کونسل چیئرمین شاہ عالم پشاور نے اے ڈی لوکل گورنمنٹ کے حوالے سے،عثمان نے جنوبی وزیرستان سے ٹیوب ویل بنانے،سوات سے فیصل عزیز نے سپورٹس ایونٹ مقرر کرنے اور سید غنی صوابی سے نائب قاصد پروموشن کیس اور دیگر اضلاع سے عوام نے اپنی شکایات درج کروائیں۔