نگران صوبائی وزیر برائے امور ضم اضلاع کا قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کا ایک روزہ دورہ

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے امور ضم اضلاع، صنعت وحرفت اور فنی تعلیم ڈاکٹر عامر عبد اللہ نے جمعرات کے روز قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کا ایک روزہ دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران نگران وزیر نے ضلعی ہیڈکوارٹر وانا میں قبائلی مشران و عمائدین، منتخب نمائندوں اور نوجوانوں کے بڑے جرگے اور کھلی کچہری میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔جرگہ میں ڈپٹی کمشنر محمد ناصر خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کشمیر خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فرمان اللہ وردگ اور تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے شرکت کی۔اس موقع پر ایک اور اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے حکام نے ضلع جنوبی وزیرستان لوئر میں ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال، عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومتی اور انتظامی مشینری کے اقدامات اور امن و امان سمیت دیگر متعلقہ امور سے متعلق نگران صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ نگران وزیر نے اپنے دورے کے دوران ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کے معززین علاقہ اور نوجوانوں سے بھی خصوصی ملاقات کی اور ان سے مقامی سطح پر درپیش عوامی مسائل کے حوالے سے دریافت کیا۔نگران وزیر کا ضلعی ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر مقامی انتظامیہ اور مشران نے بھر پور استقبال کیا جبکہ منعقدہ بڑے جرگے سے اپنے خطاب میں قبائلی عوام کی جانب سے بہترین مہمان نوازی پر ڈاکٹر عامر عبداللہ نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا شاندار الفاظ میں شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیرستان کی ترقی اور خوشحالی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اسی سلسلے میں وہ تمام قبائلی اضلاع کا دورہ کررہے ہیں تاکہ ضم اضلاع کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جاسکیں۔

مزید پڑھیں