نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے معدنیات و معدنی ترقی، منصوبہ سازی و ترقی اور توانائی و برقیات ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے کان کنی سے متعلق تمام لوازمات یقینی بنانے سمیت سیفٹی امور میں غفلت برتنے والوں کیخلاف سخت اقدامات اٹھانے کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز ضلع نوشہرہ کے مختلف دیہاتوں بختی، بدرشئی اور شاہ کوٹ میں قائم کوئلے کی کانوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے موقع پر موجود حکام کو جاری کیں۔ اس موقع پر ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد نہ کرنے اور بالخصوص درکار حفاظتی اقدامات سے غفلت برتنے والے متعدد لیز مالکان کو باقاعدہ نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ کا کہنا تھا کہ سینکڑوں فٹ گہری کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدورں کا تحفظ بہت ضروری ہے، یہ تحفظ نہ صرف ان کے خاندانوں کے لیے ضروری ہے بلکہ اس لئے بھی کہ ان ہی کی بدولت مائننگ سیکٹر کو بھی فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔