خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات،ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر منفی رویوں کا پرچار، ثقافتی اقدار پر یلغار اور اداروں کی کردار کشی نے معاشرے کو بڑا نقصان پہنچایا ہے، سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ کردار اور سوشل میڈیا پر پروان چڑھنے والے منفی رویوں کی نفی کرنا ہوگی، ہماری تہذیب، اقدار اور معاشرے کے مثبت پہلووں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، ایسے میں نوجوانوں کا کردار نہایت اہم ہے، نوجوانوں کو ایسے منفی رویوں کا راستہ روکنا ہوگا اور دنیا کو ہماری معاشرتی اقدار اور روایات سے روشناس کرانا ہوگا، گزشتہ کئی سالوں سے سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے نفرت کی فضاء بنائی گئی ہے، ہماری اقدار، اسلوب اور اداروں کے امیج پر حملے ہورہے ہیں، نفرت پھیلانے والوں اور ہماری تہذیب اور روایات پر یلغار کرنے والوں کو سخت سزا دینی ہے، کوہستان واقعہ میں سوشل میڈیا کا جو منفی کردار سامنے آیا ہے، تصاویر بنا کر وائرل کی گئیں جس سے اتنا بڑا واقعہ رونما ہوا، اس پر سخت کارروائی ہوگی، ایسے لوگوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، مجرموں کو سخت سزا دی جائے گی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر ہال پشاور میں منعقدہ آرٹ اینڈ ڈیزائن نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایک روزہ نمائش کا اہتمام خیبرپختونخوا کلچر و ٹوورزم اتھارٹی اور پشاور یونیورسٹی کے آرٹ اینڈ ڈیزائن شعبے نے مشترکہ طور پر کیا تھا. نمائش میں صوبائی نگران وزیر خزانہ احمد رسول بنگش نے بھی شرکت کی جبکہ نمائش میں طالبات کے ساتھ ساتھ شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور یونیورسٹی طالبات کی جانب سے بنائے گئے آرٹ اور ڈیزائن کا مشاہدہ کیا. خطاب میں نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ نگران وزیر برائے ضم اضلاع عامر عبداللہ ضم اضلاع کی ترقی خصوصاً نوجوانوں کے لئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں اور فنڈ کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے نگران صوبائی حکومت وفاقی نگران حکومت سے بھی معاملات طے کررہی ہے. انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، اور ضم اضلاع کے نوجوانوں کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، نشتر ہال کو فعال رکھنا اس کی ایک کڑی ہے تاکہ نوجوان اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے اپنی صلاحیتیں دنیا کو دکھا سکیں. کلچر و ٹوورزم اتھارٹی اور پشاور یونیورسٹی کی طالبات نے بہترین آرٹ اینڈ ڈیزائن نمائش منعقد کی جس کے لئے وہ داد کی مستحق ہیں۔