بولو ہیلپ لائن اور پولیس ہیلپ لائن کا انضمام خیبرپختونخوا حکومت کا معاشرتی تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر برائے محکمہ خزانہ، مال ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول احمد رسول بنگش نے بولو ہیلپ لائن اور پولیس ہیلپ لائن کے انضمام اور ایک مشترکہ ہیلپ لائن کے اجراء کا بدھ کے روز باقاعدہ افتتاح کیا جو کہ اسلامک ریلیف پاکستان کے تعاون سے ممکن ہوا ہے، نگراں وزیر برائے خزانہ احمد رسول بنگش نے اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں سیکرٹری زکوٰۃ، عشر،سماجی بہبود و ترقی نسواں،مس انیلا ناز اے آئی جی پولیس، آصف شیرازی کنٹری ڈائریکٹر اسلامک ریلیف پاکستان، انڈیپینڈنٹ کنسلٹنٹ محمد حسیب خان سالارزئی، اقوام متحدہ کے نمائندے و دیگر حکومتی افسران نے شرکت کی اور تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں بولو ہیلپ لائن080022227/1097 اور پولیس ہیلپ لائن 15 کا باقاعدہ انضمام کر دیا گیا جبکہ اس موقع پر تقریب میں نگران وزیر نے ایک عام شہری کی طرح مذکورہ ہیلپ لائن کا نمبر ملا کر باقاعدہ افتتاح کیا۔بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر برائے محکمہ خزانہ احمد رسول بنگش نے کہا کہ بولو ہیلپ لائن اور پولیس ہیلپ لائن کا انضمام خیبرپختونخوا حکومت کا معاشرتی تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ”بولو ہیلپ لائن اور پولیس ہیلپ لائن 15 کے انضمام کے اقدام کی بدولت معاشرے میں واضح تبدیلی آئیگی جس سے پولیس اور بولو ہیلپ لائن ٹول فری نمبر پر شکایات متعلقہ حکام تک پہنچائی جاسکیں گی۔انہوں نے کہا کہ بولو ہیلپ لائن اورپولیس ہیلپ لائن صنفی امتیاز کے خاتمے میں بھی بڑی مدد دیگا اس وقت مظلوم لوگوں کے علاوہ دیگر طبقات بالخصوص خواتین اور معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کے لئے مشترکہ ہیلپ لائن وقت کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے خواتین کو قانونی مدد، معلومات اور مشاورت فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی، اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے سربراہ اسلامک ریلیف پاکستان آئی آر پی،آصف علی شیرازی نے کہاکہ بولو ہیلپ لائن اور پولیس ہیلپ لائن پر مشترکہ اقدامات کے تحت معاشرتی انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے انہوں نے بتایا کہ ہیلپ لائن کا اجراء محکمہ سماجی بہبود اور اسلامک ریلیف (آئی آر پی) کے تعاون سے کیاگیاہے اور مشترکہ ہیلپ لائن کا مقصدمعاشرتی ناانصافی کو روکنا ہے، ہیلپ لائن پر حقوق سے محرومی اورصنفی تشدد کے خلاف مدد فراہم کی جائیگی۔ بعد ازاں نگراں وزیر نے مذکورہ اوقدام میں تعاون فراہم کرنے پر اسلامک ریلیف پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

مزید پڑھیں