پشاور پریس کلب سولرائزیشن منصوبہ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے، یہ پشاور پریس کلب کے صحافیوں کے لئے نہایت ہی اہم منصوبہ تھا جو نگران حکومت میں مکمل کیا گیا، منصوبے میں سابق نگران وزیر اعلیٰ مرحوم محمد اعظم خان نے خصوصی دلچسپی لی اور اسکوقلیل وقت میں مکمل کرنے کی کوشش کی گئی، عہدہ سنبھالنے کے بعد نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی قیادت میں مسلسل کوششوں کے ذریعے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا، منصوبے سے پریس کلب کو سالانہ لاکھوں روپوں کی بچت ہوگی، پریس کلب کو مزید مستحکم کرنے کے لئے دیگر اقدامات بھی کئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کا دورہ کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا گیا. نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ، ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے تقریب میں شریک صحافیوں سے خطاب میں کہا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا اور پریس کلب ایک گاڑی کے دو پہیوں کے مانند ہیں جو ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں، صوبے میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے پریس کلبوں کو مستحکم کرنے اور بیروزگاری سے دوچار صحافیوں کے لئے بھی جرنلسٹس ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ کے تحت اقدامات جاری ہیں. نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے اس موقع پر کہا کہ سوشل میڈیا کے غیرذمہ دارانہ اور منفی استعمال سے معاشرتی مسائل نے جنم لیا ہے، کوہستان واقعہ ایسی ہی غیر ذمہ دارانہ سوشل میڈیا پوسٹ کی وجہ سے رونما ہوا، ایسے لوگوں کے لئے سوشل میڈیا قوانین سخت کرنے کی ضرورت ہے، نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ پچھلی ایک دہائی سے سوشل میڈیا کے منفی کردار نے ہمارے معاشرتی اقدار کو نقصان پہنچایا اور اداروں کی کردارکشی بھی کی گئی، سوشل میڈیا کے منفی استعمال کو کم کرنے میں صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہے، ذمہ دارانہ صحافت سے ہی سوشل میڈیا کے منفی کردار کو زائل کیا جاسکتا ہے. دورے کے موقع پر نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ نے پریس کلب میں کی گئی تزین و آرائش کا بھی معائنہ کیا. اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری, سیکرٹری اطلاعات سید عبدالجبار شاہ، ڈی جی اطلاعات و تعلقات عامہ محمد عمران خان اور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک، سینئر صحافی ایم ریاض و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔