نگران وزیر اطلاعات، ثقافت، سیاحت، آثار قدیمہ و عجائب گھر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے لاہور اور قصور کا ایک روزہ دورہ کیا،دورے کے موقع پر پنجاب کے نگران وزیر برائے ہاؤسنگ، اربن ڈولپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید اظفر علی ناصر ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے موقع پر انہوں نے لاہور میں پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔دوسری جانب قصور کے دورے کے موقع پر انہوں نے سابق وزیر اعظم کے سابق سپیشل اسسٹنٹ برائے دفاع اور ممتاز سیاسی شخصیت ملک احمد خان سے ان کے ماموں کی وفات پر تعزیت کی اور رب العالمین کے حضور مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی۔لاہور میں پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر سے ملاقات کے دوران نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے بین الصوبائی امور کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور خیبرپختونخوا میں جاری اینٹی سمگلنگ، بھتہ خوری، اوردیگر کرائم کی روک تھام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقاتوں کے دوران بین الصوبائی ثقافتی تقاریب، میڈیا کے تبادلوں سمیت دیگر شعبوں میں پنجاب کے تجربات سے استفادہ کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر سے گفتگو میں انہوں نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے اطلاعات و تعلقات عامہ اور ثقافت کے محکموں کے درمیان رابطہ کاری اور مشترکہ تجربات سے استفادے کے لئے حکمت عملی ترتیب دینے پر بات کی۔نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ لاہور شہر کے تاریخی ورثہ کو محفوظ بنانے کے لئے جو اقدامات کئے گئے ہیں وہ قابلِ تقلید ہیں اور اس ماڈل کو اپنا کر پشاور اور خیبرپختونخوا کے تاریخی شہروں کو محفوظ کیا جاسکتا ہے اور سیاحت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔