خیبر پختونخوا کے نگران صوبائی وزیر صنعت وحرفت کانوشہرہ اکنامک زون اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کا دورہ

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت وحرفت،فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ نے جمعرات کے روز نوشہرہ کا دورہ کرکے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں 16 ملین امریکی ڈالر کی کنیڈین سرمایہ کاری سے قائم ہونے والے جدید ترین اسپلنٹ مینوپکچرنگ یونٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ یہ یونٹ دنیا میں پروڈکشن کے اعتبار سے اپنی نوعیت کی سب سے بڑی فیکٹری ہوگی اور اس کی تمام پیداوار بیرونی ممالک برآمد کی جائے گی۔اس وقت دنیا میں اس نوعیت کی سب سے بڑی فیکٹری 3 اسمبلی لائن پر مشتمل ہے جبکہ اس فیکٹری میں 8 اسمبلی لائن ہونگے۔اسطرح مذکورہ یونٹ میں تقریبا 800 افراد کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے جن میں 60 فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہوگا جبکہ یہاں پر عالمی لیبر معیار کے مطابق لیبر کارکنان کو تمام سہولیات دستیاب ہوں گے۔ایک روزہ دورے کے دوران نگران وزیر نے نوشہرہ اکنامک زون کے اندر چمڑے اور پلاسٹک و پائپ بنانے کے تین یونٹس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ ان منصوبوں میں 210 ملین روپے کی مجموعی سرمایہ کاری کی گئی ہے جس سے تقریبا 330 افراد کو روزگار کی سہولت میسر آسکے گی۔اس طرح انھوں نے اکنامک زون میں صابن اور کیمیکلز انڈسٹری کے زیرتعمیر یونٹ کا معائنہ بھی کیا جو 500 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہاہے اور اس سے تقریبا 250 افراد کو روزگار مہیا ہو سکے گا۔قبل ازیں نوشہرہ اکنامک زون پہنچنے پر خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جاوید اقبال خٹک و دیگر افسران نے نگران وزیر کا استقبال کیا۔انھیں کمپنی کی جانب سے اکنامک زون اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے پورے ماسٹر پلان سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انھیں بتایا گیا کہ کمپنی کی کوششوں سے پروسیسنگ زون میں مختلف شعبوں کی 6 بیمار صنعتیں دوبارہ بحال ہو چکی ہیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیر نے فیکٹریز کے قیام کو صوبے کی معاشی ترقی میں ایک اہم قدم قرار دیا۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے موجودہ مفید پالیسیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی اور یہاں پر اس طرح سرمایہ کار راغب ہو جائیں گے۔ انھوں نے مختصر وقت میں بڑی کینیڈین سرمایہ کاری کو صوبے میں لانے اور یہاں پر اس یونٹ کے قیام کو یقینی بنانے میں خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کی پوری ٹیم کی انتھک محنت کو سراہا۔نگران وزیر نے سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ انھیں تمام سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ ان کی کامیابی صوبے کی کامیابی ہے۔ دورے کے دوران نگران وزیر کو ریسکیو 1122 کی ٹیم نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جبکہ انھوں نے نئے تعمیر ہونے والے یونٹس میں پودے بھی لگائے۔

مزید پڑھیں