نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے اپنے دورہ ایبٹ آباد کے دوران کمشنر ہزارہ ڈویژن کے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر اعلیٰ کو ہزارہ ڈویژن کے امن و امان کی مجموعی صورتحال، انتظامی امور اور عوامی مفاد کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ نگران وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے پلاننگ و ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ، کمشنر ہزارہ ڈویژن ظہیر الاسلام، ریجنل پولیس آفیسر اعجاز خان کے علاؤہ ضلعی محکموں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ ارشد حسین شاہ نے پولیس حکام کو ہزارہ ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پولیس فورس کی تمام ضروریات کو بروقت پورا کیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ نے ہزارہ ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی سکیورٹی کو مزید بڑھانے جبکہ قراقرم ہائی وے پر مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، نگران صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے وسائل کی کمی کو کسی صورت آڑے نہیں آنے دے گی اور پولیس کو ہر لحاظ سے مستحکم کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے ہزارہ ڈویژن میں منشیات کے خاتمے کے لیے نتیجہ خیز اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ منشیات فروش ہماری نوجوان نسل کے دشمن ہیں ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ منشیات تیار اور سپلائی کرنے والے بڑے مگر مچھوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے اور انہیں عدالتوں سے سزا دلوانے کے لیے کیسز کی موثر پیروی کی جائے۔ اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ کو ہزارہ ڈویژن میں مختلف شعبہ جات میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اب تک پیشرفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ ارشد حسین شاہ نے ہزارہ ڈویژن میں عوامی خدمات کی فراہمی کے عمل کو مزید آسان اور عوام دوست بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران و اہلکار اس امر کو یقینی بنائیں کہ عوام کو خدمات کے حصول میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے، سرکاری دفاتر کے سربراہان خود فیلڈ وزٹ کریں اور صورتحال کا جائزہ لیں۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ایبٹ آباد سٹی کے نکاس آب لیے بھی پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔