نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ہاؤسنگ ظفراللہ خان عمرزئی سے ایف سی کمانڈنٹ معظم جاہ انصاری نے انکے دفتر میں ملاقات کی ملاقات میں دیگر امور سمیت صوبے میں امن و امان کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی دوران گفتگو صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکورٹی فورسز کی قربانیوں اور کردار کو بھی سراہا گیا۔اس موقع پر نگران معاون خصوصی نے کہا کہ صوبے میں مستقل قیام امن میں عوام کاتعاون بھی نہایت ضروری ہے سیکورٹی فورسز اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کی بدولت امن کا قیام ممکن ہوا ہے لیکن سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ لوگوں کے تعاون کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ پرامن ماحول کو خراب کرنے والے عناصر ملک و قوم کے دشمن ہیں ایسے سازشی عناصر کو بے نقاب کرنے اور انکو منطقی انجام تک پہچانے میں عوام سیکورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں کیونکہ امن و امان کے قیام کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کیلیے پرامن فضاء ناگزیر ہے۔ ایف سی کمانڈنٹ معظم جاہ انصاری نے ظفراللہ خان عمرزئی کو یقین دہانی کرائی کہ مستقل امن و امان کے قیام اور امن کو برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگااور امن کی خاطر سیکورٹی فورسز کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع اور جنوبی اضلاع میں امن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ خیبر پختونخوا کی پلاٹون جو ملک کے مختلف حصوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہے ان میں سے 8 یا 10 پلاٹون کو اگرقبائلی علاقوں میں تعینات کیا جائے تو وہاں امن کے مسئلہ پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔ نگران معاون خصوصی نے کہا کہ وہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اس مسئلے کو منظوری کے لیئے پیش کریں گے۔