خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت وحرفت،فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ سے سپورٹنگ ہنٹنگ آرمز مینوپکچرنگ”شکار کیلئے اسلحہ ساز صنعت” کی مقامی کمپنی شاہین آرمز انجینئرنگ کے نمائندے شاہین خان نے انکے دفتر میں ملاقات کی اور انکو مقامی سطح پر شکار کیلئے بنائے جانے والے اسلحہ کی صنعت اور اس کی ترقی کیلئے ممکنہ تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جاوید اقبال خٹک بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران مزکورہ اسلحہ ساز صنعت کے نمائندے نے بتایا کہ ان کی کمپنی کوہاٹ روڈ پشاور میں شکار کیلئے استعمال کی جانے والیں بندوقیں اور دیگر متعلقہ ساز وسامان تیار کرتی ہے جس کی برآمدات تنزانیہ ،نائجیریا،کینیڈا،،فلپائن اور کویت پہنچتی ہیں۔انھوں نے بتایا کہ بہترین کوالٹی اور جدیدیت کی بدولت بین الاقوامی مارکیٹ میں ان کی مصنوعات کو پزیرائی مل رہی ہے تاہم اس سلسلے میں اس صنعت کے ذریعے ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے بین الاقوامی اسلحہ نمائشوں میں انکے مصنوعات کو پہنچانے کیلئے انکے ساتھ وزارت تجارت کے ذریعے حکومتی تعاون کی ضرورت ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ حکومت اس صنعت کے فروغ کیلئے جدید مشینری کی درآمد میں ٹیکسوں میں چھوٹ اور خام مال و متعلقہ پرزہ جات کی درآمد میں معاونت فراہم کرے تاکہ یہاں پر مقامی سطح پر بین الاقوامی سطح کی سپورٹنگ ہنٹنگ آرمز کی تیاری ممکن ہوسکے اور اس کے زریعے زیادہ زرمبادلہ لایا جاسکے ۔اس موقع پر نگران وزیر نے شکار کیلئے اسلحہ سازی کی مقامی کمپنی کی کوششوں کو سراہتے ہوئےکہا کہ وہ اس سلسلے میں مزکورہ صنعت کے ایسوسی ایشن کو اپنی جانب سے ممکن تعاون فراہم کریں گے۔انھوں نے کمپنی کی جانب سے متعد اقسام کی جدید اور ٹیکنالوجی پر منحصر سپورٹنگ ہنٹنگ اسلحہ سازی میں کمپنی کی کارکردگی کو سراہا۔