خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے زیرِ اہتمام پشاور ہیڈ کوارٹر میں آج آنلائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے خوراک، زراعت، لائیو سٹاک اور جنگلات آصف رفیق، سیکرٹری محکمہ خوراک ظریف المعانی سمیت محمکہ خوراک اور فوڈ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ آنلائن کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات براہ راست وزیر خوراک سمیت دیگر متعلقہ افسران نے سنیں اور موقع پر حل کرنے کی یقین دھانی کروائی،ان لائن کھلی کچہری محکمہ خوراک خیبرپختونخوا اور خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے فیس بک پیجز پر لائیو دکھائی گئی،آنلائن کھلی کچہری کے دورانِ دو سو سے زائد شکایات، فوڈ اتھارٹی کے فون نمبر اور وٹس ایپ نمبر، ٹول فری نمبر اور فیس بک کمنٹس پر موصول ہوئیں جس میں عوام نے خوارکی اشیاء کی قیمتوں اور مضر صحت و غیر معیاری خوراک کے بارے میں اپنی شکایات درج کروائیں اور مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔وزیر خوراک آصف رفیق نے تمام شکایات کے ازالے کے لئے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو خوراک سے وابستہ کاروباروں کے معائنے کرنے اور مضر صحت و غیر معیاری اشیائے خوردنوش کی فروخت میں ملوث عناصر کا قلع قمع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ خوراک کی شکل میں زہر بیچنے کی بلکل اجازت نہیں دی جائے گی۔ سیکرٹری فوڈ نے متعلقہ ٹیموں کو اگلے ہفتے سے دودھ، فش اور کباب میں ملاوٹ کے خلاف خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مضر صحت خوراک کی سپلائی لائن، مینوفیکچرنگ اور سیل پوائنٹس کے خلاف کاروائیاں تیز کی جائیں تا کہ غیر معیاری خوراک کا تدارک ممکن ہو سکے ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا جس کا مقصد ملاوٹ کا خاتمہ اور محکمانہ خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانا ہے۔