خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت وحرفت،فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ نے بدھ کے روز سمال انڈسٹریل اسٹیٹ پشاور میں نئے تعمیر شدہ کاروباری مرکز کا افتتاح کیا۔اس منصوبے کی تکمیل پر تقریبا ساڑھے چار کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے جسے کمرشل بنیادوں پر استعمال میں لاکر بورڈ کو اس سیماہانہ خطیر آمدنی حاصل ہو سکے گی۔ کوہاٹ روڈ پشاور میں واقع مذکورہ جدید مارکیٹ میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے کارخانہ داروں کیلئے نمائش گاہیں اور شوروم بھی تیار کئے گئے ہیں جہاں پر وہ اپنے کارخانوں کی پیداواری اشیا کی مارکیٹنگ کرسکیں گے۔ دوران افتتاح منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ غضنفر علی،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز صاحب زادہ ذوالفقار اور نعمان فیاض سمیت دیگر افسران،اہلکار اور ملازمین یونین کے عہدیدار موجود تھے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیر نے اس منصوبے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایس آئی ڈی بی اپنے مالی استحکام اور ترقی کیلئے اپنے بزنس ماڈل کو تبدیل کرکے اس میں جدید ضروریات کے مطابق بہتری لائے۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کیلئے نیا کام کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ بورڈ نے یہ مرحلہ طے کرکے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے جو قابل تعریف ہے اور اب اس ادارے کی پائیدار ترقی کے لیے اس کی منیجمنٹ کو اس طرح کے مزید مفید اقدامات اٹھانے چاہئے۔انھوں نے کہا کہ ادارہ اپنے مستقل اخراجات پر قابو پانے کیلئے منافع بخش اور کاروباری سوچ میں آگے کی طرف بڑھے اور قلیل مدت میں بہتر نتائج کے حامل بزنس ماڈل کو بروئے کار لائے۔نگران وزیر نے کہا کہ یہ کمرشل سنٹر کاروبار کرنے والے لوگوں کیلئے حلال رزق کی کمائی اور خوشحالی کا سبب بنے گا۔انھوں نے اس موقع پر بورڈ کے ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ اس مرکز میں صفائی کے رہنما اصولوں کے مطابق بہتر نظام کا بندوبست کریں تاکہ صارفین کو یہاں پر اعلی معیار کی تمام سہولیات میسر ہوں۔ اس موقع پر ایم ڈی ایس آئی ڈی بی نے بتایا کہ پلازہ کو نگران وزیر کی خصوصی ہدایات کے تحت مقررہ وقت سے کئی ماہ قبل مکمل کرلیا گیا۔ دریں اثنا نگران وزیر نیایس آئی ڈی بی کے مرکزی دفتر کا دورہ کرکے وہاں پر بورڈ کے افسران اور ملازمین یونین کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔نگران وزیر کو اس موقع پر بورڈ کی طرف سے توصیفی شیلڈ سے نوازا گیا۔