خیبر پختونخوا کے نگران وزیر کی رہنمائی میں اسلامی ترقیاتی بینک کے وفد سے ملاقات۔

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے امور ضم اضلاع، صنعت وحرفت اور فنی تعلیم ڈاکٹر عامر عبد اللہ سے انکے دفتر سول سیکریٹریٹ پشاور میں اسلامی ترقیاتی بینک کے وفد نے علاقائی دفتر انقرہ میں تعینات آپریشن ٹیم لیڈر اکنامک انفراسٹرکچر ”اسامہ تریگوئی”کی سربراہی میں ملاقات کی۔وفدمیں بینک کے علاقائی دفتر کے پراجیکٹ مینجمنٹ سپیشلسٹ ”تولگا یاکر”اور پاکستان کیلئے نمائندہ محمد علی یزدانی شامل تھے جبکہ ملاقات میں خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی اور کھیل وامور نوجوانان ڈاکٹر نجیب اللہ نے خصوصی شرکت کی۔ملاقات میں اسلامی ترقیاتی بینک کے نمائندوں اور نگران وزراء کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور خصوصی طور پر پاکستان اور صوبے میں مختلف امکانی شعبوں میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے مالی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔نگران وزیر ضم اضلاع نے اس دوران وفد کیساتھ ضم اضلاع میں بینک کے ممکنہ تعاون کے شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔انھوں نے کہا کہ یہ خطہ پورے ملک میں دیگر علاقوں کی نسبت پہلے سے پسماندہ رہا ہے،پورے ملک اور ان علاقوں کے تقابلی ترقیاتی عمل میں واضح فرق آرہا ہے جبکہ یہاں کے اکثر ترقیاتی منصوبے جو فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے ادھورے پڑے ہیں میں مالی تعاون کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ ضم اضلاع کی ترقی کیلئے تشکیل کردہ موجودہ ترقیاتی و معاشی پلان میں زیادہ معاشی ترقی کے اثر پزیر منصوبوں،تکمیل کے قریب منصوبوں اور مخصوص شعبوں کی اہمیت کے حامل منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ ان کی بروقت تکمیل سے ان علاقوں کے عوام کو فائدہ آنا شروع ہوسکے۔انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بینک کی جانب سے ممکنہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ وفد کی درخواست پر نگران وزیر نے اس پلان اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بینک کو فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں صوبائی حکومت اور بینک کے مابین امکانی تعاون کیلئے مستقبل میں رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید پڑھیں