خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے امور ضم اضلاع، صنعت وحرفت اور فنی تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ نے بدھ کے روز ضلع باجوڑ کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں پر انھوں نے تحصیل اتمانخیل قذافی میں صوبائی حکومت کی جانب سے ضم اضلاع کے نوجوانوں کے آئی ٹی سکلز کے فروغ کیلئے شروع کردہ بڑے منصوبے ڈیجیٹل کنکٹ کے تحت قائم کردہ آئی ٹی ٹریننگ سنٹرکا افتتاح کرنے کیساتھ ساتھ انتظامیہ،پولیس اور ملحقہ محکمہ جات سے ضلع میں انتظامی امور،امن وعامہ اور ترقیاتی عمل کے مجموعی صورتحال پر بریفنگ لی۔نگران وزیر نے دورے کے دوران صحافی برادری اور ایوان صنعت وتجارت کے صدر سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر باجوڑ انوارالحق،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کاشف ذوالفقار،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حمزہ ظہور سمیت دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔نگران وزیر نے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت قائم ہونے والے آئی ٹی ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کرنے کے موقع پرنوجوانوں اور مقامی عمائدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع میں نوجوانوں کو آئی ٹی سکلز کی تربیت اور انھیں متعلقہ شعبے میں کام کیلئے موقع فراہم کرنے کے حوالے سے سات اضلاع میں اس طرح کے مراکز قائم کئے جارہے ہیں کیونکہ یہ اضلاع ڈیجیٹل لیٹریسی میں دیگر علاقوں سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ باجوڑ سے اس کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ اورکزئی میں بھی یہ تربیتی سنٹر تیارہے اوراسی طرح دیگر اضلاع میں بھی یہ منصوبہ پھیلایا جائے گاجس میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق آئی ٹی تربیت دی جائے گی جن میں خواتین کیلئے بھی الگ اہتمام کیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ پراجیکٹ میں نہ صرف تربیت گاہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے بلکہ زیر تربیت نوجوانوں کو مشترکہ طور پر کام کرنے یا کوئی پراجیکٹ بنانے کیلئے سہولیاتی مقام اوران نوجوانوں کو آئی سی ٹی کی ضرورت مفت پوری کرنے کیلئے آئی سی ٹی کمیونٹی سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔اس طرح ان نوجوانوں کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔نگران وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز باجوڑ کے نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے اور اپنے سکلز دوسروں کو منتقل کرنے کا بنیادی ذریعہ ثابت ہوگا۔قبل ازیں نگران وزیر نے باجوڑ جاتے ہوئے ضلع مہمند میں ڈھنڈو سر تا پیر قلعہ زیر تعمیر سڑک کا معائنہ کرکے ہدایت کی کہ سڑک کی تعمیر میں اعلی معیار کا خاص خیال رکھا جائے کیونکہ یہ اس علاقے کی اہم شاہراہ ہے۔