نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے نارتھ ویسٹ سکول آف میڈیسن گریجویشن تقریب میں شرکت کی۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس( ر) سید ارشد حسین شاہ نے جمعرات کے روز نارتھ ویسٹ سکول آف میڈیسن پشاور میں گریجویشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے سیشن 2022-2017 کے تحت ایم بی بی ایس مکمل کرنے والے 148 گریجویٹس میں اسناد تقسیم کیں اور امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے گریجویٹس کو گولڈ میڈلز پہنائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ، انکے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج ایک طرف ان ہونہار طلبہ کا تعلیمی مرحلہ اختتام پذیر ہو رہا ہے تو دوسری طرف پیشہ ورانہ سفر کا آغاز ہو رہا ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلاشبہ ان تمام گریجویٹس نے یہاں تک پہنچنے کے لیے بڑی محنت کی ہے، اب وہ ایک ڈاکٹر کی حیثیت سے پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے نئے ڈاکٹرز سے کہا کہ وہ عوام کی خدمت  کو اپنا شعار بنائیں، اور خلوص نیت سے خلق خدا کی خدمت کریں، ہمارے لوگوں کی صحت اور بھلائی ان کے ہاتھوں میں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ فارغ التحصیل ہونے والے طلباءو طالبات عملی اور پیشہ ورانہ زندگی میں اس اعلیٰ معیار کو آگے بڑھانے میں شامل ہونگے جو نارتھ ویسٹ سکول نے قائم کیا ہے۔ اعلیٰ اخلاقی اقدار اور کردار کو عملی زندگی میں کامیابی کیلئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ عملی زندگی کے آغاز ہی سے پیشہ ورانہ اخلاقیات اور اعلیٰ کردار کے اصولوں پر سختی سے کاربند رہیں۔ موجودہ صوبائی حکومت کی شعبہ صحت سے متعلق ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ صوبے میں ہیلتھ کیئر پریکٹیشنرز کی تعداد کو کئی گنا بڑھانے پر کام کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان ہماری ترقی کا زینہ ہیں، انہیں دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے،نوجوانوں کو جدید خطوط پر تربیت دینے اور بیرون ممالک میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر مسعود شاہ، وزیر اعلیٰ کے مشیر ریاض انور، فیکلٹی اراکین اور کثیر تعداد میں طلباءو طالبات نے تقریب میں شرکت کی۔

مزید پڑھیں