ہزارہ ریجن میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے کیمپس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے کیمپس میں اگلے مہینے سے باقاعدہ کلاسز کا اجراءکیا جائے گا۔ نگرا ں وزیراعلی خیبر پختونخوا جسٹس( ریٹائرڈ) سید ارشد حسین شاہ نے گزشتہ روز اپنے دورہ ایبٹ آباد کے دوران نو قائم شدہ کیمپس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر کیمپس میں شروع کی جانے والی تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کیمپس میں میڈیکل ایجوکیشن کے مختلف شعبوں میں طلبہ کو تعلیم و تربیت فراہم کی جائے گی جن میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز، نرسنگ اور فارمیسی وغیرہ میں انڈر گریجویٹس ، پوسٹ گریجویٹس پروگرام شامل ہیں۔ علاوہ ازیں کیمپس میں میڈیکل گریجویٹس کو پبلک ہیلتھ ، ہیلتھ ریسرچ ،ایپڈ یمیالوجی اور بیسک میڈیکل سائنسز میں پوسٹ گریجویٹس ڈگری پروگرامز بھی کروائے جائیں گے ۔ مزید بتایا گیا کہ کیمپس میڈیکل کے مختلف شعبوں میں پوسٹ گریجویٹس ڈگر ی کیلئے پورے ہزارہ ریجن کے طلبہ کی ضروریات کو پورا کرے گا اور طلبہ کو اپنے ہی علاقے میں یہ تعلیمی سہولیات دستیاب ہوں گی ۔
خیبرمیڈیکل یونیورسٹی انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ سائنسز ہزارہ کے قیام کو اور علاقے میں میڈیکل کی تعلیم کے فروغ کیلئے اہم اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس کیمپس کے قیام سے علاقے کے میڈیکل گریجویٹس کو یہ تربیتی سہولت اُن کے گھر کی دہلیز پر دستیاب ہو ںگی اور اُنہیں اس مقصد کیلئے دیگر علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ میڈیکل کے شعبے میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ یہ یونیورسٹی اپنی سرگرمیاں مزید بہتر انداز میں جاری رکھے گی ۔ وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق ، کمشنر ہزارہ ڈویژن ظہیر السلام کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور خیبر میڈیکل میڈیکل یونیورسٹی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔