خیبر پختونخواحکومت نے صوبے میں صنعتکاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں و صنعتکاروں کو حکومت کی جانب سے ادارہ جاتی خدمات آسان بنانے کی غرض سے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کی ڈیجیٹل موبائل ایپ متعارف کردی ہے جس کے ذریعے اب صوبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد اور صنعت کاروں کو کمپنی کی جانب سے درکار خدمات،سہولیات اور تمام معلومات موبائل ایپ پر آن لائن دستیاب ہونگی۔ خیبر پختونخوا پورے ملک میں اب پہلا صوبہ بن گیا جس نے سرکاری شعبے میں صنعتکاری کے سلسلے میں اس نوعیت کی ایک جامع اور ہر پہلو سے مفید ایپ متعارف کرادی۔خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت وحرفت،فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کے پی ایزڈمک کے مرکزی دفتر حیات آباد پشاور میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جاوید اقبال خٹک اور دیگر مینجمنٹ کی موجودگی میں بٹن دبا کر ڈیجیٹل موبائل ایپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔واضح رہے کہ نگران وزیر نے کمپنی کو اپنی خدمات کی آن لائن دستیابی کیلئے اس سہولت کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ٹاسک سونپ دیا تھا جس کے سلسلے میں کمپنی کے آئی ٹی شعبے نے پندرہ روز کے اندراندر اس کو عملی جامہ پہنایا۔اس موقع پر نگران وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے اس اہم منصوبے کی تکمیل پر کمپنی کی مینجمنٹ اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ خیبر پختونخوا میں صنعتی شعبے میں صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ایک نمایاں اقدام ہے۔انھوں نے کہا کہ اس منصوبے میں ہمارے صوبے نے سرکاری شعبے میں دیگر صوبوں پر سبقت حاصل کی جس پر کے پی ایزڈمک کی پوری ٹیم داد کی مستحق ہے۔ نگران وزیر نے ہدایت کہ اس آن لائن سہولت کو وقت کیساتھ ساتھ ہر پہلو سے مکمل اور مزید سہل بنایا جائے جس میں صنعتوں اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تمام درکار خدمات اور معلومات کا ایک جامع احاطہ موجود ہو۔ انھوں نے کہا کہ ایپ کے استعمال کو کمپنی کے مروجہ قوانین اور ضوابط”بائی لاز”کے لازمی جز کے طور پر شامل کیا جائے۔نگران وزیر نے کہا کہ ایپ میں صوبے کے صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے تیار خالی پلاٹس کا پوراڈیٹا بھی موجود ہونا چاہیئے تاکہ اس سلسلے میں خواہشمند سرمایہ کاروں کو موبائل ایپ ہی کے ذریعے صوبے کی تمام صنعتی بستیوں میں پرکشش ترغیبات اور صنعتیں لگانے کیلئے پلاٹس کی معلومات کا حصول آسان ہو۔ انھوں نے اس سلسلے میں اس ٹاسک کو ایک ہفتے کے اندر اندر مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔