خیبر پختونخوا کی نگران صوبائی حکومت نے شہید کیپٹن کرنل شیر خان (نشان حیدر) کے بھائی انور شیر خان کو سرکاری خرچ پر سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ کارگل جنگ کے قومی ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے لئے مکہ مکرمہ میں حج ادا کرسکیں. اس بات کا اعلان نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے صوابی میں کرنل شیر خان کے مزار کا دورہ کرتے ہوئے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے بھائی و خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا. نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ شہید کیپٹن کرنل شیر خان ہمارا فخر ہیں جنہوں نے کارگل جنگ کے دوران پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور جس کی بہادری کے دشمن بھی متعرف ہوئے. ملک پر جان نچھاور کرتے ہوئے ہمارے صوبے کے پہلے نشان حیدر ہونے پر ہمیں ان پر اور ان کے خاندان پر فخر ہے. شہید کے ایسال ثواب کیلئے ان کے بھائی انور شیر خان سرکاری خرچ اور اعزاز کے ساتھ مکہ مکرمہ جائیں گے اور شہید کیپٹن کرنل شیر خان نشان حیدر کے لئے حج کا فریضہ انجام دیں گے. دوسری جانب کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مزار پر مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے قومی ہیرو کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور لکھا کہ پوری قوم شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے درجات کی بلندی کے لئے دعاگو ہے۔