پی ٹی ڈی سی نے خیبرپختونخوا صوبے میں 19 جائیدادیں باضابطہ طور پر خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کو منتقل

پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے خیبرپختونخوا صوبے میں 19 جائیدادیں باضابطہ طور پر خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی (کے پی سی ٹی اے) کو منتقل کردی ہیں. اس حوالے سے ایک اہم تقریب پشاور سروسز کلب میں منعقد ہوئی جس میں خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ،ثقافت، سیاحت، آثار قدیمہ و میوزیم بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب رانا اور کے پی سی ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل برکت اللہ نے تقریب کے دوران متعلقہ دستاویزات پر دستخط کئے. اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات خیبر پختونخوا سید جبار شاہ، ڈی جی انفارمیشن محمد عمران، جنرل مینجر پی ٹی ڈی سی پراپرٹیز اشفاق احمد، سی ای او کوتھم احمد فہیم, ڈپٹی مینجر ٹوورزم اتھارٹی صنم بشیر، اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں نگراں وزیر سیاحت نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ جائیدادیں خیبر پختونخوا میں سیاحت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ،ثقافت و سیاحت نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد ان جائیدادوں کی صوبے کو منتقلی ایک اہم کام تھا جو آج کامیابی سے مکمل کرلیا گیا. پراپرٹیز کی تاریخی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جائیدادیں اپنے محل وقوع اور آرکیٹیکچر کی وجہ سے منفرد حیثیت رکھتی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبے میں ان پراپرٹیز کا موثر انتظام و استعمال یقینی بنایا جائے گا جس سے نہ صرف سیاحوں کو بہتر رہائشی سہولتیں ملیں گی بلکہ اس سے صوبے کی سیاحت اور سیاحتی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا. انہوں نے اس ضمن میں پی ٹی ڈی سی اور خیبرپختونخوا ٹوورزم اتھارٹی حکام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے یہ اہم کام خوش اسلوبی سے سر انجام دیا۔ اس موقع پر میڈیا کے سوالوں کے جواب میں نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ،ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ ضم اضلاع میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور مختلف ایونٹس کے انعقاد کے ساتھ ساتھ جلد ایک تین روزہ کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس پر کام جاری ہے. انہوں نے کہا کہ حال ہی میں چترال میں سیاحت کے فروغ سے متعلق ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء کی جانب بڑی عمدہ تجاویز پیش کی گئیں۔نگران وزیر سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ سیاحت کے حوالے سے خیبرپختونخوا کو منفرد مقام حاصل ہے، یہاں کی ثقافت اپنی مثال آپ ہے، مہمان نوازی ہماری پہچان ہے اور تہذیبوں اور ادیان سے متعلق جابجا پھیلے ہوئے تاریخی آثار اس کو سیاحت کے لئے نہایت ہی موزوں علاقہ بناتے ہیں. انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ اسے ہم کیسے دنیا کے سامنے بہتر طریقے سے پیش کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں