خیبر پختونخوا کی نگران وزیر برائے سماجی بہبود اور ریلیف و آبادکاری جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے پی ایچ اے میگا سٹی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگران صوبائی وزیر تجارت، صنعت و امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ، نگران وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ اشفاق خان اورسیکرٹری ہاؤسنگ سمیت کے پی ایچ اے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں پی ایچ اے میگا سٹی کے سائٹ وزٹ کے دوران کیے گئے مشاہدات پر سیر حاصل بحث کی گئی۔ کابینہ کیمٹی کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے لینڈ یوزر قوانین کے مطابق متعلقہ زمین کو ہاؤسنگ مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ سیلاب سے ممکنہ بچاؤ کیلئے خاطرخواہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ فیز ون کیلئے 1750 کنال زمین حاصل کی گئی ہے۔جبکہ 3434 پلاٹ کی الاٹمنٹ بھی کی گئی ہیں اور مذکورہ منصوبے میں پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے سرمایہ کاری کی گئی ہے۔