خیبر پختونخوا اور خاص طور پر ضم اضلاع میں پھلدار پودوں کی نرسریوں کے لیے یو ایس ایڈ پر وگرام برائے اقتصادی ترقی و بحالی کے تحت 35 گرانٹس فراہم کی گئی ہیں۔یوایس ایڈ کے پروگرام کے تحت یہ گرانٹس باجوڑ، مہمند، خیبر، دیر، اورکزئی، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، ملاکنڈ، ڈیرہ اسماعیل خان اور کرم کے اضلاع میں فراہم کی گئی ہیں۔گرانٹ کی فراہمی کے حوالے سے دستویزات پر دستخط کرنے کی تقریب پشاور میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق عبدالباری،یو ایس ایڈ پر وگرام برائے اقتصادی ترقی و بحالی اور زرعی توسیع خیبر پختونخوا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور گرانٹ کی فراہمی کی دستویزات پر دستخط کیئے گئے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ گرانٹس خیبر پختونخوا اور ضم شُدَہ اضلاع میں پھلدار پودوں کی نرسریوں کے کاروبار کو فروغ دینے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیئے فراہم کی جارہی ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زرعی توسیع خیبر پختونخواجان محمدنے پھلدار پودوں کی نرسریوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پھلدار نرسریوں کا قیام خیبر پختونخوا میں زرعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔یوایس ایڈ گرانٹس کی فراہمی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پھلدار پودوں کی موجودہ کمی کو پوری کرنے میں مدد ملے گی اور صوبے کے کسانوں کو معیاری اور بیماریوں سے پاک پودے فراہم کرکے باغبانی کے شعبے کو فروغ دیا جا سکے گا۔یو ایس ایڈ کے پروگرام اقتصادی ترقی و بحالی کے چیف آف پارٹی شاد محمد نے کہا کہ پراجیکٹ کا مقصد پھلدار نرسریوں کو مستحکم کرنے اور وسعت دینے کے ساتھ مقامی زمینداروں کی معیاری پھلوں کے پودوں تک آسان رسائی کو یقینی بناناہے۔پھلدار نرسریوں سے وابستہ کسانوں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس گرانٹ سے زرعی کاروبار میں اضافہ ہوگا اور پھلدار پودوں کی پیداوار پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ نرسری کے کاروبار کے لیے مارکیٹ سے روابط قائم کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کے پروگرام برائے اقتصادی ترقی و بحالی کے سینئر ایگریکلچر سپیشلسٹ، ضیاء الرحمان نے پراجیکٹ کے متوقع نتائج پر روشنی ڈالی اور کہا کہ خیبر پختونخوا اور ضم شُدَہ اضلاع میں پھلوں کی صنعت کو فروغ دینا، مقامی سطح پر بیماریوں سے پاک پودوں کی دستیابی، صوبے کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مضبوط کرنا، اور براہ راست روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہدف ہے۔ان گرانٹس کا اجراء کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کے ساتھ نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور خیبر پختونخوا اور ضم شُدَہ اضلاع کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔