چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری سے اقوام متحدہ ادارہ برائے مہاجرین کی نمائندہ فلپا کونڈلر کی ملاقات۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری سے جمعرات کے روز فلپا کونڈلر کی قیادت میں اقوام متحدہ ادارہ برائے مہاجرین کی نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور محمد عابد مجید اور کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر بھی موجود تھے جبکہ وفدا لزبتھ ٹین (ڈائریکٹر ڈویژن آف انٹرنیشنل پروٹیکشن) شوکو شیموزاوا(ڈائریکٹر ڈویژن آف ایمرجنسی سیکیورٹی اینڈ سپلائی) اور دیگر پر مشتمل تھا ملاقات میں غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبے میں غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء کے حوالے سے سپورٹ، کوآرڈینیشن اور تعاون پر بھی تفصیلی گفتگوکی گئی۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے کہاکہ غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء کے حوالے سے ایک واضح اور مربوط پالیسی اپنائی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت اس ضمن میں وفاق کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پر بہترین انداز میں عمل کر کے اس عمل کو آسان بنا رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اس تمام عمل کو شفاف بنایا گیا ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ ادادہ برائے مہاجرین سے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کے عمل کے دوران ان کے لیے طبی امداد اور خوراک کا بھی بندو بست کیا جاتا ہے تاکہ انھیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، ان کا کہنا تھا کہ افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے جس کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور یہی وجہ ہے کہ رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے لوگ حکومت کی جانب سے کیے گئے انتظامات سے مطمئن ہیں اور انھیں کسی قسم کی شکایات نہیں ہیں۔ نمائندہ اقوام متحدہ ادارہ برائے مہاجرین نے کہا کہ حکومت کا غیرقانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء اوراس عمل کو شفاف، باقاعدہ بنانا اور اُسے دستاویزی شکل دیناایک اچھا قدم ہے۔

مزید پڑھیں