نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے جمعہ کے روز پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک کی قیادت میں پریس کلب ممبران کے ایک وفد نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی۔ صوبائی نگران وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل اور نگران وزیر اعلیٰ کے ترجمان بریگیڈیئر(ر) سیدمجتبیٰ ترمذی کے علاوہ سیکرٹری اطلاعات سید جبار شاہ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات محمد عمران اور دیگر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پشاور پریس کلب کے لئے خصوصی گرانٹ کا چیک وفد کے حوالے کیا۔ یاد رہے وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ نے پشاور پریس کلب کے دورے کے موقع پر پریس کلب کے لئے خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا تھا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت کا خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام صوبے کی عوام کی بھلائی اور فلاح و بہبود کا پروگرام ہے، میڈیا اس پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں صوبائی حکومت کے ایک اہم پارٹنر کی حیثیت رکھتاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے میڈیا کا فیڈ بیک انتہائی اہم اور ضروری ہے جس کی روشنی میں پروگرام پر عملدرآمد میں بہتری لائی جائے گی۔ ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ نگران صوبائی حکومت دور حاضر میں میڈیا کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے جبکہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور پریس کلب کی سولرائزیشن کے منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے گا جبکہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے درکار فنڈز کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے ملاقات کے لئے وقت دینے اور پشاور پریس کلب کے مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔