نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے صوبے میں اقتصادی سرگرمیوں کے فرو غ اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ایک اہم قدم کے طور پر بنوںاکنامک زون کا افتتاح کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی نگران وزیراعلیٰ تھے ۔ نگران صوبائی وزیر برائے صنعت ڈاکٹر عامر عبد اﷲ کے علاوہ سیکرٹری انڈسٹریز سید ذوالفقار علی شاہ، خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ اراکین ، سی ای او کے پی ازمک جاوید خٹک اور دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بنوں اکنامک زون میں انڈسٹریل یونٹس لگانے کےلئے سرمایہ کاروں میں پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز بھی تقسیم کئے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کو بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 415 ایکٹر رقبے پر محیط بنوں اکنامک زون میں 265 چھوٹی بڑی صنعتیں قائم کی جائیں گی جبکہ مذکورہ اکنامک زونز میں تقریباً10 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ اس زون سے16 ہزار بلاواسطہ اور 48 ہزار بالواسطہ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعلیٰ کو کمپنی کی مجموعی کارکردگی ، صوبے میں موجود اکنامک زونز اور نئے قائم کئے جانے والے اکنامک زونز کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ بتایا گیا کہ اس وقت صوبے میں مجموعی طور پر 14اکنامک زونز قائم ہیں جن میں 346 ارب روپے کی سرمایہ کاری موجود ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ چار مزید اکنامک زونز کے قیام پر بھی کام جاری ہے ۔وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ نے بنوں اکنامک زون کی کمرشل لانچنگ پر اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ بنوں اکنامک زون صوبے میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ اس اکنامک زون کی کمرشل لانچنگ ترقی کی علامت ہے جس سے اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ محل و قوع کے لحاظ سے بنوں اکنامک زون انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، یہ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ دیگر صوبوں اور وسطی ایشیائی ریاستوں کیلئے بھی اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بن سکتا ہے ۔ بنوں اکنامک زون جنوبی اضلاع اور ملحقہ ضم اضلاع کی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا ۔ جنوبی اور ضم اضلاع کی پسماندگی کو دور کرنا اور انہیں ترقی کے میدان میں آگے لانا وقت کی اشد ضرورت ہے ۔ نگران حکومت ان پسماندہ اضلاع کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ نگران حکومت خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی ۔