چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے پشاور صدرمیں آگ سے متاثرہ کمرشل پلازہ کا دورہ کیاجہاں انہوں نے تاجروں اور دکانداروں سے ملاقات کی۔اس موقع پرکمشنر پشاور محمد زبیر اور ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف سیکرٹری نے آتشزدگی کے سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے البتہ اللہ کا شکر ہے کہ اس آگ لگنے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن متعدد دکانیں اور سٹالز کے خاکستر ہونے کے باعث تاجروں اور دکانداروں کا کافی نقصان ہوا جس پر ہم سب افسردہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقصانات کی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں اور واقعے کے حوالے سے رپورٹ کے آنے کا انتظار ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ قریبی عمارتیں اس آگ سے محفوظ رہیں اور انھیں نقصان نہیں پہنچا۔چیف سیکر ٹری نے اس موقع پر عمارتوں میں باہر نکلنے کے لئے ایمرجنسی راستے اور آگ بجانے کے آلات نصب کرنے کو لازمی قرار دیا اور کہا کہ وہ اس حوالے سے پہلے ہی ہدایات دے چکے ہیں۔