رحمان میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس سال اول کے طلباء طالبات کو خوش آمدید کہنے کے لیے وائٹ کوٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور تھے۔ تقریب میں طلباء و طالبات کے ساتھ ساتھ انکے والدین نے بھی شرکت کی۔ طلباء و طالبات نے شجر کاری مہم میں حصہ لیا اور اپنے شعبے کے ساتھ مخلص رہنے کے حوالے سے حلف اٹھایا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ریاض انور کا کہنا تھا کہ رحمان میڈیکل کالج کا شمار ملک کے بہترین کالجز میں ہوتا ہے اور میڈیکل کالجز میں داخلوں کے حوالے سے رحمان میڈیکل کالج ہمیشہ سے طلباء کی پہلی ترجیح رہاہے۔ ڈاکٹر ریاض انور نے طلباء سے کہاکہ رحمان میڈیکل کالج میں بہترین انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بہترین میڈیکل فیکلٹی موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ رحمان میڈیکل کالج میں میڈیکل پروفیشن کے حوالے سے وہ سب کچھ موجود ہے جو کسی بین الاقوامی میڈیکل کالج میں ہوتاہے۔ڈاکٹر ریاض انور نے والدین سے بھی کہا کہ انہیں اس بات پر فخر کرنا چاہیے کہ ان کے بچے اس کالج کا حصہ بننے جارہے ہیں جس کا خیبر پختونخوا میں کوئی ثانی نہیں۔اس موقع پر پرنسپل آر ایم سی ڈاکٹر مختیار زمان کا کہنا تھا کہ حالیہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام تمام پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں سب سے ہائی میرٹ لسٹ رحمان میڈیکل کالج کی رہی ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ خیبر پختونخوا کے بچوں کی آج بھی میڈیکل کے شعبے میں اولین ترجیح رحمان میڈیکل کالج ہی ہے۔