نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے پیر کے روز ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور انسپکٹرجنرل پولیس اختر حیات خان گنڈاپور بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن ظہیر الاسلام اور ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ اعجاز خان کے علاوہ ہزارہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو عام انتخابات کی تیاریوں خصوصاً سکیورٹی انتظامات کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں عام انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں، ہزارہ ڈویژن کے آٹھ اضلاع میں 2862 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 392 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین، 982 پولنگ اسٹیشنز حساس جبکہ 1488 پولنگ اسٹیشنز نارمل قرار دئے گئے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ہزارہ میں عام انتخابات کے لئے 14322 سکیورٹی اہلکار درکار ہیں اور سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے مختلف محکموں کے اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔مزید بتایا گیا کہ ہزارہ ڈویژن کے برفانی علاقوں میں عام انتخابات کے انعقاد کے لئے خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں۔وزیر اعلی نے عام انتخابات کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو انتخابات کے اختتام تک ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ انتظامیہ اگلے دو تین دن سخت محنت کرے تو انتخابات کا سارا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوگا۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ان دنوں ہم کسی بھی غفلت، کوتاہی یا سستی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ وزیر اعلی نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ تمام معاملات کی خود نگرانی کریں، پولنگ اسٹیشنز تک انتخابی عملے اور سامان کی بروقت ترسیل کو یقینی بنائیں، خواتین عملے کی رہائش اور سکیورٹی کا خاص خیال رکھیں اور عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کے احکامات اور قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو تمام وسائل اور معاونت کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہزارہ ڈویژن میں غیر ملکیوں کی سکیورٹی پر خاص توجہ دی جائے، یہ غیر ملکی قومی اہمیت کے حامل منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، ان کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ایک اہم اقدام کے طور پر انتخابات کے دنوں میں صوبے میں بجلی کی زیرو لوڈشیڈنگ کے لئے معاملہ وفاقی سیکرٹری توانائی کے ساتھ اٹھالیا جس پر انہوں نے انتخابات کے دنوں میں صوبے میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کے سخت موسمی حالات کے پیش نظر 7 فروری تا 9 فروری بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی حکومت کے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں باضابطہ مراسلہ ارسال کرنے کی ہدایت بھی کی۔