نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے پیر کے روز ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کا ہنگامی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر عامر عبداللہ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی پی خیبر پختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے تحصیل درابن میں پولیس تھانے پر دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے کمشنر آفس ڈی آئی خان میں امن و امان سے متعلق بریفنگ لی۔ اس موقع پر درابن میں پولیس پر ہونے والے حملے کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کے علاوہ عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ڈی آئی خان، ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی خان، ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان اور دیگر متعلقہ حکام نے وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگز دیں۔
نگران وزیر اعلیٰ نے پولیس لائن میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا بھی دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر اپنی گفتگو میں پولیس پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ حملہ سفاکانہ اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے، حکومت اور پوری قوم پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کے لئے پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پولیس کی ان قربانیوں پر ہم سب کو فخر ہے۔ پولیس شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہدائ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، حکومت شہداءکے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔