خیبر پختونخوا میں ڈیجیٹل اسکلز کی ضروریات کو پورا کرنے اور نوجوانوں کو جدید مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق روزگار حاصل کرنے کے قابل بنانے کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر ٹیک ویلی پاکستان اور خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی شراکت سے صوبے میں نوجوانوں کیلئے گوگل کیرئیر سرٹیفکیٹس سکالرشپس پروگرام کا اجراءکر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈویژنل ہیڈکوارٹر ایبٹ آباد میں ایک باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈسید ارشد حسین شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ٹیک ویلی پاکستان کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں ٹیک ویلی پاکستان اور خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو مختلف ڈیجیٹل اسکلز میں ٹریننگ کی فراہمی اور پروفیشنل سرٹیفکیشن کیلئے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے تھے جس کے تحت صوبے کے نوجوانوں کو 5000 گوگل کیرئیر سرٹیفکیٹس سکالرشپس فراہم کئے جائیں گے۔ مذکورہ مفاہمتی یاداشت پر عملی پیشرفت کے طور پر ایبٹ آباد سے پروگرام کا اجراءکر دیا گیا ہے جسے بتدریج صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی ۔گوگل کیرئیر سرٹیفکیشن پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو چھ ماہ کی مختصرمدت میں مختلف شعبوں میں جاب ۔ ریڈی اسکلز سے آراستہ کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ سید ارشد حسین شاہ نے صوبے میں ڈیجیٹل اسکلز کے فروغ اور نوجوانوںکی پروفیشنل سرٹیفکیشن کیلئے تعاون فراہم کرنے پر ٹیک ویلی پاکستان اور گوگل کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ صوبائی حکومت اس اہم اقدام پر موثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر تعاون فراہم کرے گی تاکہ صوبے کے نوجوان اس پروگرام سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مذکورہ پروگرام کا اجراءصوبے میں آئی ٹی صنعت سے منسلک اسکلز کے فروغ کے سلسلے میں صوبائی حکومت کے عزم کا عملی مظاہرہ ہے جس سے ناصرف نوجوانوں کو پیشہ وارانہ طور پر مضبوط بنانے میں مدد ملے گی بلکہ یہ پروگرام مجموعی طور پر روزگار کے فروغ اور معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ اُنہوں نے کہاکہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت اس پروگرام سے خطے میں ڈیجیٹل اکانومی کے نئے راستے ہموار ہوں گے اور صوبے میں ڈیجیٹل اسکلز کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔