نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخواجسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے جمعرات کے روزعام انتخابات 2024 کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کیلئے محکمہ داخلہ میں قائم الیکشن کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں اُنہیںایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجید کی جانب سے صوبے میں انتخابات کے عمل اور انتظامات کے بارے میں بریفینگ دی گئی۔ نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر عامر عبد اﷲکے علاوہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری ، انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈا پور، کمشنر پشاور محمد زبیراور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ کو کنٹرول روم دورہ کے موقع پر بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ الیکشن کنٹرول روم میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے متعلق کوآرڈنیشن کیلئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کا عملہ ڈیوٹی پر موجود ہے جبکہ صوبہ بھر کے تمام پولنگ سٹیشنز پر انتخابی مواد اور عملہ بروقت پہنچایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ صوبے کے برفانی علاقوں میں قائم پولنگ سٹیشنز تک رسائی کیلئے رابطہ سڑکوں کو کلیئر رکھا گیا ہے۔مزید بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں انتخابی عمل کے سلسلے میں انتظامی اور سکیورٹی اُمور کی آن لائن مانیٹرنگ کیلئے جدید سافٹ ویئر تیار کیا ہے جس کے ذریعے تمام پولنگ سٹیشنز سے معلومات بروقت حاصل کی گئی ہیں۔ سافٹ ویئر بارے بتایا گیا کہ انٹر نیٹ سروس معطل ہونے کی صورت میں مینول طریقے سے بھی سافٹ ویئر کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سافٹ ویئر میں تمام پولنگ سٹیشنز اور انتخابی عملے سے متعلق ہر قسم کی معلومات درج ہیں۔تمام پولنگ سٹیشنز کے ساتھ ہمہ وقت رابطے کیلئے ٹیلی فون اور موبائل فون کا متبادل نظام بھی موجود ہے ۔ آخری بیلٹ باکس موصول ہونے تک کنٹرول روم بغیر کسی تعطل کے کام کرتا رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے عام انتخابات کیلئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ۔