صوبائی نظامت اطلاعات اور پی آئی ڈی کے درمیان باہمی تعاون کی کوششوں کو مزید تقویت دی جائے گی، ڈی جی اطلاعات و تعلقات عامہ

منگل کو پشاور میں محمد عمران، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا اور اشفاق احمد خلیل ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں میڈیا ڈائنامکس اور تعلقات عامہ کی حکمت عملیوں کے بدلتے ہوئے منظر نامے سے متعلق اہم امور پربات چیت کی گئی۔ ملاقات میں صوبائی نظامت اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا اور وفاقی پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تعاون، اشتراک، اور باہمی تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے مسلسل رابطہ کاری پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں عوام کی درست معلومات تک بروقت رسائی اور میڈیا کے منظر نامے میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی مہارت سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نظامت اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا محمد عمران اور ڈی جی پی آئی ڈی اشفاق احمد خلیل نے مشترکہ مقاصد کے حصول میں ہم آہنگی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے نظامت اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا اور وفاقی پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومتی امور میں شفافیت اور احتساب کے لئے میڈیا کے کردار پر بات کی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جدید دور کے تقاضوں اور ڈیجٹل میڈیا کی اہمیت کے پیش نظر میڈیا کے پلیٹ فارمز کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے. میٹنگ میں موثر اطلاعات اور عوامی خدمت کے اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں سیدہ یسرا گیلانی، سیکشن آفیسر وزارت اطلاعات و نشریات اسلام آباد اور ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات کے پی ابن امین نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں