خیبر پختونخوا کے وزیراعلی جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ نے پاکستان سویٹ ہوم اسلام آباد کا خصوصی دورہ کیا۔ سویٹ ہوم پہنچنے پر ادارے کی انتظامیہ اور بچوں نے نگران وزیر اعلی کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات کی. وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے اس موقع پر سویٹ ہومز کے ذریعے بے سہارا اور یتیم بچوں کی کفالت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جن سے اللہ تعالی اپنے خاص مقصد کا کام لیتا ہے۔ مستقبل میں یہ بچے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ثابت ہونگے۔ اس موقع پر وزیراعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے لیے 20 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان بھی کیا۔ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے سویٹ ہوم کا دورہ کرنے اور بچوں کے ساتھ وقت گزارنے پر نگران وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی مشکور ہیں کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا پاکستان سویٹ ہوم تشریف لائے اور پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتوں اور پریوں کے ساتھ وقت گزارا۔ زمرد خان نے کہا کہ اللہ تعالی نے مجھے زندگی کے خوبصورت مشن سے نوازا ہے اور میں اللہ کا شکر گزار ہوں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے بچے اور بچیاں آج ملک کی نامور یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں یہ ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ دنیا کی تاریخ کا پہلا کیڈٹ کالج جو صرف یتیم بچوں کے لیے شہیدوں و غازیوں کی سرزمین گوجر خان میں واقع ہے جہاں 200 سے زائد کیڈٹس زیر تعلیم ہیں۔ ۔