نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے خیبرپختونخوا نے نئی صوبائی اسمبلی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیشن بلانے کے لئے سمری گورنر خیبرپختونخوا کو ارسال کردی گئی ہے اور سیشن کے لئے تاریخ کا تعین گورنر کی صوابدید ہے، انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے جمعہ کے مبارک دن سمری پر دستخط کئے اور سمری گورنر خیبرپختونخوا کو ارسال کردی گئی ہے، نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ نے کہا کہ وہ خود بھی اس موقع پر موجود تھے، سمری پر دستخط کرتے ہوئے دعا کی گئی اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ نئی صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور طریقے سے بہتر قانون سازی کرے اور اس نتیجے میں صوبے میں دیرپا امن و امان ہو اور بھائی چارے کا بول بالا ہو۔انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت نے صوبے کے عوام کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے اور مالی مشکلات کے باوجود ہر ممکن کوشش کی گئی کہ صوبے کے معاملات احسن طریقے سے تکمیل کو پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ جب نگران حکومت نے ذمہ داری سنبھالی تو صوبائی خزانہ خالی تھا، تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے پیسے نہیں تھے، مگر اللہ کے فضل سے اب خزانے میں صوبائی حکومت کے معاملات چلانے کے لئے تقریباً 100 ارب روپے چھوڑ کر جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مالی معاملات احسن اور مدلل انداز میں اٹھائے گئے، سمگلنگ کی روک تھام کی گئی، ضم اضلاع کے مالی و دیگر امور پر اچھی پیشرفت کی گئی، بی آر ٹی اور صحت عامہ سمیت دیگر اہم منصوبوں کو نہ صرف جاری و ساری رکھا گیا بلکہ امور میں مزید شفافیت لے کر آئے، غیر ترقیاتی اخراجات کو کم سے کم کر کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل کرم سے صوبائی معاملات احسن طریقے سے انجام ہوئے اور اس پر ہم سب اللہ تعالیٰ کے مشکور ہیں اور نئی صوبائی اسمبلی کے لئے بھی دعاگو ہیں۔