خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلی حیات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ محکمہ کو مضبوط کرنا اور نظام میں بہترین لانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، جنگلات معیشت کے استحکام میں بہت اہمیت کے حامل ہیں، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ناگزیر ہے،عوامی مینڈیٹ پر پورا اترنے کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ کے تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا سیکرٹری سید نظر حسین شاہ، سپیشل سیکرٹری اور محکمہ کے دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو محکمہ کے جاری اور نئے اے ڈی پی اور اے آئی پی سکیموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں خیبر پختونخوا کے بندوبستی اور قبائلی اضلاع کے منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیل سے گفتگو ہوئی، صوبائی وزیر جنگلات کو واٹر شیڈ،گزارا فار سٹ، کے پی فارسٹ پالیسی 1999 کے پی فارسٹ آرڈیننس 2002, کے پی فارسٹ کاربن ٹریڈنگ سمیت محکمہ کے دیگر اہم امور پر تفصیل سے بتایا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا، عوام کے لیے آسانی پیدا کر کے نظام میں بہتری لانا ہوگی اور معیشت کی مضبوطی میں جنگلات کی اہمیت کے پیش نظر ان کی حفاظت اور بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔